Nov 06, 2018 06:57 pm
views : 459
Location : Parliament House
Islamabad- Federal Minister Murad Saeed Adresess in Senate
اسلام آباد، احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، مراد سعید
وزیر مملکت برائے ریاستی وسرحدی امور مراد سعید کا کہنا ہے کہ ملک کا آئین پرامن احتجاج کی اجازت اور ضمانت دیتا ہے لیکن احتجاج کی آڑ لے کر قومی املاک اور شہریوں کی جان ومال کو نقصان پہنچانے والوں سے ریاستی قوانین کے تحت نمٹا جائے گا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی تقریر کے حوالے سے بات کی گئی لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم کی پالیسی بہت واضح تھی کہ ملک کے اندر امن وامان کو قائم کرنا ہے، پرامن احتجاج سب کا بنیادی حق ہے اور آئین پاکستان اس کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 126 دن کا دھرنا دیا، جو پرامن دھرنا تھا، جس میں ہم نے چار حلقے کھولنے کی بات کی اور چار حلقے کھلنے کے بعد ہماری بات ثابت ہوگئی۔ ان حلقوں میں دوبارہ انتخابات بھی ہوئے اور کوئی نااہل بھی ہوگیا۔
مراد سعید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے تمام اپوزیشن کو اعتماد میں لیا کہ ہم سانحہ لال مسجد اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دہرانا نہیں چاہتے ،احتجاج کی آڑ لے کر پاکستان کی املاک اور شہریوں کی جان ومال کو نقصان پہنچانے والوں کی فہرستیں تیار ہوگئی ہیں جن سے ریاستی قوانین کے مطابق نمٹا جائے گا۔