کراچی،ایل ڈی اے، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے کے تحت جاری رہائشی اسکیموں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جارہا ہے، سعید غنی
وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے کے تحت جاری رہائشی اسکیموں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جارہا ہے تاکہ وہاں لوگوں کو سستی اور اپنی ذاتی رہائش میسر آسکے۔ ایل ڈی اے میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاؤسنگ اسکیم اور ہاکس بے اسکیم 42 میں ترقیاتی کام تیز کردیا گیا ہے اور وہاں موجود 78 ہزار سے زائد پلاٹس پر لوگ جلد اپنی رہائش تعمیر کرسکیں گے۔
ڈی جی ایل ڈی اے عزیر میمن کے ہمراہ ایل ڈی اے کی ہاکس بے پر اسکیموں پر جاری ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاؤسنگ میں تمام ترقیاتی کام روڈ نیٹ ورک، پانی اور سیوریج کی لائنوں کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی کی فراہمی بھی کردی گئی ہے اس لئے اس اسکیم کے تحت جن18 ہزار بے گھر افراد کو مفت پلاٹس فراہم کئے گئے تھے وہ اس پر اپنی تعمیرات شروع کردیں تاکہ وہاں آبادی کے بعد کم و بیش 2 لاکھ سے زائد افراد اپنی چھت تلے زندگی بسر کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکس بے میں ایمرجنسی رسپانس سینٹر اینڈ فائر سینٹر کو مزید فعال بنایا جائے گا اور وہاں پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔