اسلام آباد:عافیہ صدیقی کی جیل سے رہائی کیلئے عمران خان سے مدد کی اپیل
پاکستان کی نیورو سائنٹسٹ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی، وہ 2010ء سےامریکا کی جیل میں قید ہیں۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پاکستانی قونصل جنرل کو ہیوسٹن جیل میں ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کیلئے مدد کی اپیل کرتے ہوئے ایک خط دیا۔ خط کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی، وزیراعظم میری رہائی میں مدد کریں، میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں۔
وہ کہتی ہیں کہ عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں، میں انہیں مستقبل میں مسلمانوں کے خلیفہ کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے، مجھے اغواء کرکے امریکا لایا گیا تھا۔عافیہ صدیقی نے وزیراعظم کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنے کا بھی مشورہ دیا، بولیں کہ ناقدین کو عمران خان پر تنقید بند کردینی چاہئے، اگر کسی کو عمران خان کے حوالے سے شک ہے تو میں اسے مناظرے کا چیلنج دیتی ہوں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی 5 سال تک لاپتہ رہیں، جس کے بعد ان کی افغانستان میں موجودگی کا پتہ چلا، ان پر القاعدہ سے تعلق اور دہشت گردی کا الزام تھا۔