کراچی:سربراہ پاک بحریہ کی روس کی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل ظفر محمود عباسی کی روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں روس کی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ۔سربراہ پاک بحریہ کی ہیڈ کوارٹرز آمدپر روس کی بحریہ کے سربراہ نے استقبال کیا اور روایتی گارڈز نے اعزازی سلامی پیش کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور بشمول بحری دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے بحری امن و استحکام کے قیام کے لئے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز اور کثیر القومی بحری مشق " امن 19 " کے بارے میں آگاہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق روس کی بحریہ کے سربراہ نے متعلقہ علاقے میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک کی بحریہ کے سربراہان نے کثیر القومی بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی کوششوں میں اضافے پر اتفاق کیا۔ دورے کے دوران نیول چیف نے روس کی بحریہ کے کیڈیٹس سے بھی ملاقات کی۔