اسلام آباد،خصوصی کمیٹی بنائی جائے جو معلوم کرے کہ کس کی ایما پر سندھ اور بلوچستان کا پانی چوری کیا گیا،شاہد خاقان عباسی
رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یا تو ہاؤس میں خصوصی کمیٹی بنائی جائےیا اسٹینڈنگ کمیٹی بنائی جائےاور یہ معلوم کیا جائے کہ کس کی ایما پر پانی کو چوری کرکے پنجاب کو دیا گیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وزیر پانی و بجلی ابھی نئے آئے ہیں میرا زندگی کا تجربہ رہا ہے کہ چور اپنی چوری چھپانے کے لئے دوسروں کو چور کہتا ہے،الفاظ ہمارے پاس بھی بہت ہیں لیکن ہم ایوان کا احترام کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر بننے والی کمیٹی کو ایک مہینے کا وقت دیا جائے کہ وہ معلوم کرے کہ سندھ اور بلوچستان کا پانی کس نے چوری کیا۔