کراچی، صدر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن تیسرے روز بھی جاری
سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں شہر قائد کے دل صدر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن آج تیسرے روز بھی بدستور جاری ہے۔ ایمپریس مارکیٹ، پاسپورٹ آفس کے اطراف سمیت شہر کے بیشتر مقامات پر غیر قانونی تعمیرات، پتھارے اور تجاوزات کو مسمار کردیا گیا ہے۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال بھی عمل میں لایا گیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کرنے والے کمشنر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر سیف الرحمن کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کا حکم ہے کہ شہر قائد میں تمام مقامات کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ الحمدو اللہ آپریشن کے نتیجے میں دو دنوں میں ہمیں بہت کامیابیاں ملی ہیں، آپریشن آج تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں ہم نے بیشتر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے علاوہ تجاوزات کو بھی ہٹادیا ہے ، بیشتر عمارتوں پر قائم بڑے بڑے سائن بورڈ کو ہٹانے سے بہت برطانوی دور کی خوبصورت عمارات سامنے آئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یہ عزم ہے کہ ایمپریس مارکیٹ سمیت شہر کراچی کی تمام سڑکوں پر قائم تجاوزات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ختم کریں گے تاکہ ہمارا شہر صاف ستھرا رہے جس پر ہم فخر کرسکیں۔
آپریشن کے نتیجے میں متاثر ہونے والے ایک شہری کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔ میری دکان تباہ کردی گئی ہے۔ یہ آپریشن کے نام پر دھوکہ ہورہا ہے۔