اسلام آباد، چور اور ڈاکو اب احتساب کیلئے تیار ہوجائیں، مراد سعید
وزیر مملکت برائے ریاستی وسرحدی امور مراد سعید کا کہنا ہے کہ چوروں کو پکڑنے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہی ہے کہ ہم قانون سازی مضبوط کریں گے، اب کہانیاں نہیں چلیں گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت تو احتساب کا نام ہے، جمہوریت تو کہتی ہے اگر کسی نے لوٹ مار کی ہے تو اس کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالو، ہم سوالات پر دلیل سے جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی ہوتی ہے جو قومی نشریایتی اداروں پر براہ راست چلتی ہے، جسے گھروں میں بیٹھی مائیں ، بہنیں اور بچے دیکھتے ہیں، سب لوگ اپنے گریبانوں میں جھانکھیں، غلیظ زبانیں استعمال کرنے سے وہ اپنے بچوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں، کیا دلیلیں ختم ہوچکی ہیں، کہانیاں اور کرپشن کے کرتوت بہت زیادہ ہیں، اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ پاکستان کو بے دردی سے لوٹا گیا، اب احتساب کا عمل شروع ہوگا، اس کی تیاری کی جائے، اب پاکستان بدلے گا چوروں کو جیلوں میں بھی ڈالیں گے، اور قوم کی یہ خواہش پوری بھی کریں گے۔
بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ایوان کی کارروائی جمعرات کی صبح تک کیلئے ملتوی کردی۔