Nov 07, 2018 09:44 pm
views : 539
Location : Domestic Place
Islamabad- MNA Ahsan Iqbal Media Talk
اسلام آباد، عام انتخابات تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات تھے، احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا
کہنا ہے کہ دونوں ایوانوں کی جانب سے 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کی
شکایات کا جائزہ لینے کیلئے بنائی جانے والی مشترکہ پارلیمنٹری کمیٹی کا آج
پہلا اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک کو اتفاق رائے سے چیئرمین چنا گیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے اصرار پر
یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی نے ٹی او آرز کو حتمی شکل دینے
کیلئے ایک آٹھ رکنی سب کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں چار حزب اقتدار اور چار
حزب اختلاف کے ارکان شامل ہوں گے جنہیں دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات تھے اور
یہ صرف اپوزیشن ہی نہیں کہہ رہی بلکہ حکمراں اتحاد کی اکثریت بھی اس موقف
کی حامی ہے کہ انتخابات میں بے حد بے قاعدگی ہوئی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس،
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، بلوچستان نیشنل پارٹی کا بھی یہی موقف ہے۔
ماسوائے پی ٹی آئی کے تمام سیاسی جماعتوں کا یہ موقف ہے کہ 2018ء کے
انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھا۔
احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ
ڈالا گیا، جس سے پاکستان کے عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں ہوسکی، ان شکایات
کے باوجود اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہم نے دھرنوں ،فساد اور
سڑکوں پر مار کٹائی کی سیاست کی بجائے ایوان کے اندر جمہوری طریقے کار کو
اپنایا تاکہ ملک میں فساد اور تصادم کی سیاست نہ ہو جس سے ملک کا استحکام
اور ملکی معیشت متاثر ہوگی۔