بلوچستان عوامی پارٹی کے چیئرمین وزیر اعلیٰ بلوچستان جام
کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی عوام دوست اور صوبے کی
مجموعی ترقیاتی پالیسیوں کو عوام میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور ہماری
پارٹی پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے جو ایک نئی جماعت کے لئے نہایت
خوش آئند ہے، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بی اے پی کو مزید آگے لے جائیں
گے۔
بلوچستان عوامی پارٹی خضدار کے ایک وفد سے
بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ کاررکن کسی بھی جماعت کا سرمایہ
اور طاقت ہوتے ہیں ہم اپنے کارکنوں کی مشاورت سے پارٹی کے تنظیمی عمل کو
مضبوط بنیادوں پر استوار کریں گے تاکہ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں
عوام کی تائیدوحمایت سے کامیابی حاصل کرسکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ
بلوچستان عوامی پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے تمام
اضلاع کی ترقی کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے۔ پی ایس ڈی پی کو متوازن بنایا
جارہا ہے، ہم ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں افسران عوام کی بہتری کے لئے کام
کریں گے، ڈاکٹرزا ور اساتذہ اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہوں گے اور ترقیاتی
منصوبے زمین پر نظر آئیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ جب ادارے مضبوط اور فعال ہوں
گے تو ان کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور وہ اچھے نتائج دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وفد کی جانب سے
پیش کئے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔