کراچی، ہندو برادری دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و
جذبے سے منا رہی ہے
ملک
بھر کی طرح کراچی میں بھی ہندو برادری دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و
جذبے سے منا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مندروں ، گھروں اور دوکانوں میں دیئے
روشن کر کے عبادات کی گئیں۔ جس میں ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن و امان
کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔
کراچی کے قدیم سوامی نارائن مندر میں دیوالی
کے حوالے سے بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں خواتین اور بچوں نے بڑی
تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر روایتی گربا رقص اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ
شہر کے چھوٹے بڑے مندروں میں بھی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
دیوالی کے موقع پر مسلمان اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھی تقاریب
میں شریک تھے۔
دیوالی کی خوشیاں منانے والی سیمہ مشہوری کا کہنا تھا کہ ہم سب دنیا بھر کو
یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اس دن شری رام نے برائی سے اچھائی کا پیغام دیا، ان
کی چودہ سال کے بعد واپسی پر ہندو مذہب میں ان کا خیرمقدم کیا جاتا ہے،
عیشور سے دعا کرتے ہیں کہ سب لوگوں کی زندگیوں میں بھی اسی طرح خوشیاں
بنائے رکھے۔
دیوالی کی خوشیاں منانے والے منوج ناتھ کا کہنا تھا کہ رام بھگوان چودہ سال
ایوجنا میں بنواس کاٹنے کے بعد واپس لوٹے تھے، جس کی خوشی میں ہندو برادری
چراغاں کرتی ہے، پٹاخے پھوڑتی ہے، مٹھائیاں تقسیم کرتی ہے اور خوشیاں
مناتی ہے۔