اسلام آباد :وزیر خزانہ اسد عمر نے پانامالیکس میں شامل پاکستانیوں کا کچا چٹھا کھول دیا
وزرات خزانہ نے پانامالیکس میں شامل پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی، وزیرخزانہ نے تحریری جواب میں بتایا پاناما لیکس میں چار سو چوالیس پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، جس میں سے دو سو چورانوے کو نوٹس جاری کئے جبکہ ایک سو پچاس کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ لسٹ میں شامل بارہ افراد وفات پا چکے ہیں اورچار پاکستانی شہری نہیں ہیں جبکہ دس ارب نوےکروڑروپےکی کرپشن کے پندرہ کیسز حتمی مرحلے میں ہیں۔اسد عمر نے تحریری جواب میں کہا اب تک چھ ارب بیس کروڑروپے کی وصولیاں کی گئی ہیں ، وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات میں مدد کیلئے ایف بی آر نے او ای سی ڈی سے مدد مانگی گئی ہے۔
واضح ہے کہ دو برس قبل اپریل میں بحراوقیانوس کے کنارے پر واقع ملک پاناما کی صحافتی تنظیم آئی سی آئی جے نے غیر قانونی اثاثہ جات کی ڈیڑھ لاکھ دستاویزات پامانہ پیپرز کے نام سے شائع کی تھیں، جس کے باعث دنیائے ممالک کی کئی حکومتیں ہل گئیں تھیں۔