وزیراعلیٰ
پنجاب سردار عثمان بزدار نے نئی روایت قائم کر دی ،اپنی رہائش گاہ میں
وزیراعلیٰ آفس اور وزیر اعلی ہاؤس کے گریڈ ایک سے 21 تک کے افسروں اور عملے
کے اعزاز میں فرشی تقریب منعقد کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملے اور
افسروں کے پاس جا کر فردا فردا ان سے خود ہاتھ ملایااور ملازمین کا احوال
دریافت کیا جبکہ وزیر اعلی عملے اور افسروں کے ساتھ لان میں زمین پر
بیٹھے،وزیر اعلی نے زمین پر بیٹھ کر ہی عملے اور افسروں کے ساتھ مل کر
کھانا کھایا،تقریب میں خواتین افسر اور اہلکاربھی شریک تھیں۔
اس موقع پر
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب صرف وزیر اعلی آفس کے
ملازمین اور افسروں کے اعزاز میں ہے،اپنے گھرانے کو اپنے گھر ہی دعوت دی
جاتی ہے اور میں نے آج اپنے گھرانے کو بلایا ہے ،پرنسپل سیکرٹری سے نائب
قاصد تک سب ایک ساتھ زمین پر بیٹھے ہیں ،ہم تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ
تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں ،پروٹوکول کلچر کو بھی تبدیل کر رہے ہیں۔
عثمان
بزدار کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی آفس میں کام کرنے والے میرے دست و بازو
ہیں،افسروں اور ماتحت عملے نے تین ماہ کے دوران انتہائی محنت اور لگن سے
کام کیا ہے ،میں آپ کی محنت اور صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ،آپ
سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا،ہماری حکومت آپ کے مسائل بھی
حل کرے گی۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر راحیل
صدیقی کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب’’ ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود
وایاز‘‘ کی عملی تفسیر ہے تقریب کے انعقاد پر ملازمین اور افسروں کی طرف سے
وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ہم تقریب کسی اور جگہ کرنا چاہتے تھے
لیکن وزیر اعلی نے اپنے گھر میں تقریب رکھنے کا کہا،وزیر اعلی کا موقف تھا
کہ وزیر اعلی آفس میں کام کرنے والے ایک خاندان کی مانند ہیں ۔تقریب کے
اختتام پر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔