کراچی، متاثرین ہمارے بھائی ہیں، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے سابق رکن ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن کے نتیجے میں متاثر ہونے والے ہمارے بھائی ہیں۔ یہ کوئی لسانی مسئلہ نہیں ہے اور اب ہم کراچی میں اس قسم کی کسی بھی سازش کو کامیاب بھی نہیں ہونے دیں گے۔متاثرین کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں تو یہ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔
صدر میں متاثرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار متاثرین کے مسائل ضرور سنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میری میئر کراچی وسیم اختر سے کٹی چل رہی ہے لیکن متاثرین کی خاطر میں میئر کراچی وسیم اختر سے بھی رابطہ قائم کرنے کیلئے تیار ہوں کیونکہ میں کسی سے دشمنی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہاکہ ایک ہزار بارہ دکاندار متاثر ہوئے ہیں جن میں اردو بولنے والے، سندھی، پٹھان سب شامل ہیں جو کہ کراچی میونسپل کارپوریشن کے کرایہ دار ہیں تو اس لحاظ سے کے ایم سی کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ان کو کہیں نہ کہیں مناسب طور پر آباد کیا جائے۔