لاہور :پاکستان میں ہاکی کو دوبارہ عروج دلانے کا مشن ۔
پاکستان کے قومی کھیل کو ترقی دلانے کے لیے نجی کاروباری ادارہ میدان میں آگیا ۔ نجی کا روباری ادارہ دو ہزار بیس تک پاکستان ہاکی ٹیم اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ٹائٹل اسپانسر بن گیا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور ادارے کے سی ای او اور پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے درمیان اہم ملاقات میں ٹائٹل اسپانسر شپ کا اہم معاملہ طے پایا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نجی ادارے کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں لاہور میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ قومی کھیل دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے ۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے ماضی میں چار مرتبہ ورلڈ کپ ، تین مرتبہ چیمئینز ٹرافی اور تین مرتبہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا ۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم مستقبل میں ایک بار پھر عروج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئیر نے کہا کہ ہائیر پاکستان نے ایسے وقت میں پاکستان ہاکی کو سپورٹ کیا جس وقت اس کی اشد ضرورت تھی ۔ پاکستان کے نوجوان ہاکی پلئیرز کا اعتماد بھی مزید بلند ہوگا ۔