کراچی: ریسٹورنٹ میں کھانا کھا کر جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل
کلفٹن کے علاقے زمزمہ کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے بعد جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا جب کہ ان کی والدہ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر شیراز کا کہنا ہے کہ بچوں کی موت کی وجہ بظاہر زہر خورانی لگتی ہے جب کہ دونوں بچوں کے جسم سے مختلف اجزا اور خون کے نمونے حاصل کر کے لیباریٹری بھجوا دیے ہیں۔لیبارٹری سے رپورٹ آنے میں 5 سے 10 روز لگ سکتے ہیں جس کے بعد موت کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی، دونوں بچوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں جن کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی موت کے واقعے کا نوٹس لے لیا، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ 10 نومبر کی رات متاثرہ بچے اپنی والدہ کے ہمراہ پہلے ایک پلے لینڈ گئے جہاں انہوں نے ٹافیاں، آئس کریم اور چپس کھائے جس کے بعد کلفٹن کے علاقے زمزمہ پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا۔