لاہور،لنڈا بازار میں گرم کپڑے بھی شہریوں کی پہنچ سے دور
پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہوریوں نے لنڈا بازاروں کا رخ کرلیا،تاہم مہنگائی نے یہاں بھی عوام کا پیچھا نہ چوڑا غریبوں کے لئے نعمت سمجھے جانے والے لنڈا بازار میں شہری اب مایوس نظر آتے ہیں،بظاہر تو لنڈا بازاروں میں شہریوں کا رش نظر آ رہا ہے تاہم مہنگائی کے سبب خریدار خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔
غریب اور متوسط طبقے کے افراد لنڈے بازار کو اپنے لئے کسی نعمت سے کم نہیں سمجھتے ،لیکن سردی کی لہر جیسے جیسے بڑھ رہی ہے ملک میں قائم لنڈا بازاروں میں بھی غریب، متوسط اور درمیانے طبقے کے لئے استعمال شدہ گرم ملبوسات کی خریداری بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے ،مہنگائی کی لہر نے لنڈا بازاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے،سردی کی لہر اور مہنگائی کی بڑھتی ہوئی ’’تپش‘‘نے لنڈا بازار میں خریداری کرنے کے لئے آنے والے شہریوں کو بڑی حد تک متاثر کیا ہے۔