اسلام آباد، مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنا ترجیح ہونی چاہیے، سینیٹر شیری رحمن
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر شیری رحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جو بھی بیرون ممالک سے براہ راست سرمایہ کاری ہوتی ہے اس میں ایک کوٹہ مختص ہوتا ہے جس کے تحت 60 فیصد مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر یہ اصول بننا چاہیے کہ پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے نتیجے میں لگنے والے پروجیکٹ میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے قانون پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
انہوں ے کہا کہ اس وقت مزدور طبقہ دربدر گھوم رہا ہے، لہٰذا بیرون سرمایہ کاری سے لگنے والے منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک عراق، ویتنام، ہندوستان اور ملائیشیا میں بھی ایسے قوانین لاگو ہیں جب بھی بیرونی سرمایہ کاری آتی ہے وہاں پر پہلی ترجیح مقامی افراد کو دی جاتی ہے۔