وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے
کہ پاکستانی ماؤں کو فخر ہے کہ وطن عزیز کی خاطر ان کے بیٹے شہید ہوئے،
پوری پاکستانی قوم کی طرف سے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے شہدا کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان
کا کہنا تھا کہ ہم پولیس پر الزامات فوری لگا دیتے ہیں لیکن پولیس کی
ویلفیئر کی بات کوئی نہیں کرتا، وہ لوگ جو صبر کرتے ہیں اللہ کا وعدہ ہے وہ
انہیں انعامات سے نوازے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میری
پہچان ہے اور اسے ماڈل پولیس بنا کر دکھائیں گے۔ انہوں نے آئی جی اسلام
آباد کے ہمراہ شہدا کے بچوں میں چیک بھی تقسیم کئے۔
انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ وہ ایسا نظام بنائیں کہ کسی بھی
ملازم کو کوئی شکایت ہو تو وہ افسران سے مل سکے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ
شہدا کے بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں اور میری وزارت کا کام اسلام آباد پولیس
کو سہولیات دینا ہے، ہم پولیس کو وہ تمام سہولیات دیں گے کہ دیگر صوبوں سے
پولیس کی مدد نہ لینی پڑے۔