Jan 27, 2019 06:37 pm
views : 474
Location : Domestic Place
Multan- Federal Foriegn Minister Shah Mehmood Qureshi
ملتان، پاکستان، امریکہ اور افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا، وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ
ملک افغانستان کے امن عمل میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے مذاکرات کرانے میں
کامیاب ہو گیا، امریکہ سے ازسرنو تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔
کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
وزیرخارجہ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ
پاکستان اپنے وعدے کے مطابق افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آیا،
ہمارا موقف تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، آج افغانستان میں قیام
امن کیلئے مذاکرات پاکستان کے مثبت کردار کا ثبوت ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم چند روز قبل پاکستان
آئے، ان سے پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے نتیجہ خیز گفتگو ہوئی، لنڈسے
گراہم نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن جنگ سے نہیں مذاکرات کے
ذریعے ہی ممکن ہے، انھوں نے پاکستان سے سودے بازی نہیں سٹریٹجک نوعیت کے
تعلقات پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دورہ برطانیہ پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ
کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ برطانوی حکام سے
ملاقاتوں کے علاوہ ہاوس آف کامنز سے بھی خطاب کریں گے۔