اسلام آباد، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ قابل ستائش ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو بری یا رہا نہ کرنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو پاکستان کی فتح قرار دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے کلبھوشن کیس سے متعلق فیصلے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو بری یا رہا نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں، کلبھوشن کو بھارت کے سپرد نہ کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے، کلبھوشن پاکستانی عوام کیخلاف جرائم کا مرتکب ہے، پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس سے متعلق کیس کے فیصلے میں بھارت کی جانب سے دائر کلبھوشن جادھو کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ دہشتگرد پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا۔ آئی سی جے کی طرف سے کلبھوشن کی گرفتاری کی بر وقت اطلاع نہ دینے کا الزام مسترد ہونے سے بھی بھارت کو سبکی اٹھانا پڑی ہے۔