لاہور، ایل این جی کیس: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گرفتار
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا گیا، انہیں آج نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔شاہد خاقان عباسی نے نیب کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ نیب دفتر پیشی کے لیے تیار ہوں، مناسب وقت دیا جائے، نیب طلبی کا خط گزشتہ روز موصول ہوا، ایک دن کے نوٹس پر نیب دفتر میں پیشی ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پراس وقت گرفتار کیا جب وہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے۔
واضح رہے نیب پنڈی نے ایل این جی سکینڈل میں باقاعدہ تحقیقات میں شاہد خاقان عباسی کو آج پہلی بار طلب کیا تھا۔ نیب نوٹس کے مطابق شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس کی اہم معلومات رکھتے ہیں، ایل این جی ٹرمینل کے غیر قانونی ٹھیکے سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، انکوائری کے دوران شاہد خاقان عباسی تین مرتبہ نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔