اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کوپاکستان نے قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کی بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان نے قونسلر رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے اوربھارتی جاسوس کو ویانا کنونشن کے تحت دیئے گئے حقوق سے متعلق بھی آگاہ کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی پاکستان کے قوانین کے تحت دی جائے گی جس کے لئے طریقہ کار وضع کئے جارہے ہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے، کلبھوشن کو اس کے حاصل حقوق سے متعلق بھی بتادیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو ویانا کنونشن کے قونصلر ریلیشنز سے متعلق آرٹیکل 36، پیراگراف 1 بی کے تحت حاصل حقوق سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت میں بھارت کو شکست ہوئی تھی، ججز کے پینل نے پاکستان کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے کلبھوشن یادیو کی بریت کی درخواست مسترد کردی تھی۔