قبائلی اضلاع میں تاریخ رقم، پختونخواہ اسمبلی کی16 نشستوں پر پولنگ جاری
خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ سات قبائلی اضلاع اور ایک ایف آر ریجن میں صوبائی اسمبلی کی سولہ جنرل نشستوں پر سخت مقابلہ متوقع ہے۔
قبائلی اضلاع میں پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسے وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹنگ کیلئے لوگوں میں جوش وخروش پایا جا رہا ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں، سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں۔
سات اضلاع میں سب سے کانٹے کا مقابلہ باجوڑ میں متوقع ہے، جہاں اے این پی، پی ٹی آئی اور جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ قبائلی عوام شام پانچ بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔ دو سو پچیاسی میں سے دو سو امیدوار آزاد حیثیت سے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ دو خواتین بھی الیکشن کی دوڑ میں شامل ہیں۔
سولہ حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 464 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن ہیں جب کہ صرف مردوں کے لیے 482 اور خواتین کے لیے مختص 376 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہے جب کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر بھی فوج تعینات ہے۔
تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جب کہ ووٹنگ کے لیے 28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔