واشنگٹن،امریکا میں مقیم پاکستانی نئے پاکستان کا وژن جاننے کا شوق رکھتے ہیں، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کیپیٹل ون ایرینا واشنگٹن کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ و زیر اعظم عمران خان دورہ ء امریکہ کے دوران،کیپٹل ون ایرینا واشنگٹن میں،امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیپیٹل ون ایرینا واشنگٹن کا دورہ کیا اور کمیونٹی ایونٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سینیٹرعبداللہ نے وزیر خارجہ کو کمیونٹی ایونٹ سے متعلق مفصل بریفننگ دی۔
وزیر خارجہ نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے-اسی لئے وزیر اعظم عمران خان نے، اپنے دورہ ء امریکہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کو خاص طور پر اپنے پروگرام میں شامل کیا۔ امریکا میں مقیم پاکستانی نئے پاکستان کا وژن جاننے کا اشتیاق رکھتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اس سے قبل اتنا پرجوش ماحول کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، اس سے قبل کمیونٹی اجلاس بند کمروں میں ہوتے رہے۔انہوں نے کہا کہ پنڈال میں 20 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، قوی امید ہے امریکی پاکستانیوں کا اجتماع فقیدالمثال ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم فائیواسٹار ہوٹل کے بجائے پاکستان ہاؤس میں رہیں گے، میں بھی پاکستان ہاؤس میں ٹھہرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہترین ہوٹل میں ہمارے قیام کا کہا گیا، فیصلہ ہوا سادگی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پاکستان ہاؤس میں قیام کیا جائے۔