واشنگٹن،وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، آئی ایم ایف ایم ڈی
آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی ڈیوڈ لپٹن کاکہنا ہے کہ ٹیکس محاصل میں اضافے سے قرضوں میں بھی کمی کا رجحان پیدا ہوگا،آئی ایم ایف کی معاونت کا مقصد پاکستان کی پائیدار اور متوازن ترقی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کے قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹرڈیوڈ لپٹن کے درمیان ملاقات پا کستان سفارتخانے میں ہوئی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت اوروزراء کا وفد بھی شامل تھا۔
ملاقات میں پاکستان کے معاشی حالات اورمالیاتی نظام سے متعلق اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
ملاقات کے بعد ڈیوڈ لپٹن سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، آئی ایم ایف کاپروگرام معاشی استحکام اوراداروں کومضبوط بنانے پر زور دیتاہے، یہ اقدام دیرپا معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے۔
ڈیوڈلپٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ٹیکس دائر کار میں اضافے، سماجی بہتری اورترقیاتی اخراجات میں اضافے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے تاہم قرضوں میں کمی کرنا ہوگی۔