سمندری طوفان ماہا شدت اختیار کرگیا،بحریہ کی سندھ کے ساحلی علاقوں میں راشن کی تقسیم
پاک بحریہ کی جانب سے سمندری طوفان سے متاثرہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں راشن اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی امداد تقسیم کی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امدادی ٹیموں کے ہمراہ موجود میڈیکل اسٹاف نے متاثرین کو بنیادی طبی امداد بھی فراہم کی۔
واضح
رہے کہ حالیہ سمندری طوفان کے باعث پانی کی سطح بلند ہونے سے سندھ کے
ساحلی علاقوں میں سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے تھے جن کی پاک بحریہ امداد کر
رہی ہے۔
بحیرہ عرب کے مشرقی وسط میں موجود کیٹگری ون کا سمندری طوفان
ماہا شدت اختیار کر رہا ہے جس کا کیٹگری 3 کے طوفان میں تبدیل ہونے کا
خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ماہا گزشتہ 12گھنٹے سے
شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو شدید طوفان کی صورت اختیار کرکےکل تک شمال
مغرب کی جانب بڑھ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ سمندری
طوفان ماہا میں 120 سے 140کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں
جو مزید شدت اختیار کرکے شدید ترین سمندری طوفان میں بدل جائیں گی اور بعد
میں یہ طوفان شمال مشرق میں بھارتی گجرات کی جانب رُخ کرے گا۔
کیٹگری ون
کے سمندری طوفان ماہا کی شدت اختیار کرنے پر محکمہ موسمیات کے حکام نے
خدشہ ظاہر کیا کہ یہ 24 سے 36گھنٹے میں کیٹگری 3 کےطوفان میں تبدیل ہو سکتا
ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ ماہا طوفان اس وقت کراچی سے 795 کلو میڑ دور جنوب میں موجود ہے۔
یاد
رہے کہ ماہا سے قبل طاقتور ترین سمندری طوفان کیار پاکستان سے ٹکرائے
بغیر عمان طرف رُخ کر گیا تھا لیکن طوفان نے 700 کلو میٹر کے فاصلے سے ہی
سندھ اور بلوچستان کے سمندر میں طغیانی پیدا کر دی تھی جس سے ساحلی بستیاں
زیر آب آگئی تھیں۔