Nov 03, 2019 07:05 pm
views : 292
Location : Different Places
Islamabad- Failure of JUI-F's 'halwa march' is Pakistan's success: Fawad
اسلام آباد،آزادی مارچ والا طبقہ قیام پاکستان کا مخالف تھا،فواد چوہدری
وفاقی
وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف)
کے خلاف آزادی مارچ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ مارچ وہ
طبقہ کر رہا ہے جو قیام پاکستان کا مخالف تھا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف)
کے آزادی مارچ کے شرکاء نے پشاور موڑ پر ایچ 9 گراؤنڈ میں ڈیرے ڈال رکھے
ہیں اور یکم نومبر کو آزادی مارچ سے خطاب میں سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا
فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی
تھی جو آج ختم ہو رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے
مطالبے کو احمقانہ قرار دیا ہے جب کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں
بننے والی حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ اپوزیشن سے بات چیت کے لیے تیار
ہیں مگر وزیراعظم کے استعفے پر کوئی بات نہیں ہو گی۔
ایسے میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں آزادی مارچ کو حلوہ مارچ کا نام دیتے ہوئے اسے ناکام قرار دے دیا ہے۔
سوشل
میڈیا بیان میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ مارچ وہ طبقہ کر رہا ہے جس
نے قیام پاکستان کی مخالفت کی، ان کے بزرگوں نے قائد اعظم کی مخالفت کی تھی
اور آج یہ عمران خان کے مخالف بن گئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس طبقے کی شکست پاکستان کے مستقبل کی کنجی ہے اور انشاللہ یہ معاملہ اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔