Nov 05, 2019 05:50 pm
views : 262
Location : Domestic place
Islamabad- Opposition will decide when to call off Azadi March: JUI-F chief
اسلام آباد،ناجائز حکمرانوں کو جانا ہوگا اس سے کم پر بات نہیں ہوگی،فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ناجائز حکمرانوں کو جانا ہوگا اس سے کم پر بات نہیں ہوگی جب کہ سیاسی جماعتوں نے جے یو آئی کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے اور کہا ہے کہ جے یو آئی کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس استقامت اور عزم کے ساتھ شرکا دھرنا دیے بیٹھے ہیں میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں، ہم اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے ہیں، آج آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں سب نے دھرنے کے شرکا کو خراج تحسین پیش کیا، سیاسی جماعتوں نے یقین دلایا ہے کہ ہم جے یو آئی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، اس دھرنے کے خاتمے کا فیصلہ بھی ہم سب مل کر کریں گے جس کے بعد اب یہ بات دم توڑ گئی ہے کہ کون سی جماعت آپ کے ساتھ ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی نے شرط عائد کرکے مذاکرات کی بات کی جو کہ عجیب بات ہے، متاثرہ اور مدعی ہم ہیں شرط عائد کرنے کا حق ہمارا ہے ان کا نہیں، تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مذہبی جماعتوں نے شدت پسندی کو رد کیا ہے، آج اتنا بڑا مجمع اس بات کا ثبوت ہے کہ جے یو آئی چاروں صوبوں کے لوگوں کو جمع کرکے ایک قوم بنانا چاہتی ہے، شرکا نے جس پرامن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے میں ان سے آئندہ بھی اسی کی توقع کرتا ہوں۔