Nov 09, 2019 09:00 pm
views : 246
Location : Different Places
Karachi-Eid-E- Miladun Nabi (P.B.U.H) Preparation
ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر،ہر سو درودو سلام کی صدائیں
عید میلاد النبی کے سلسلے میں شہر بھر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے،آقائے دو جہاںﷺ کی محبت میں شہریوں نے مساجد، گلیوں اور گھروں میں ایسا چراغاں کیا ہے کہ رات میں بھی دن کا گمان ہوتا ہے علمائے کرام کا کہنا ہے کہ اللہ کے نبی ﷺکے یوم ولادت پر خوشیاں منانی چاہئیں ۔
ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر ہیں،شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔سرکار دو جہاں محمد مصطفی کی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔جشن عید میلادالنبی کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد ،عمارتوں اور شاہرائوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔بڑی عمارتوں پر چراغاں جبکہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر صوبے میں سیکیورٹی کے پیش نظر اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں بارہ ربیع الاول کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، امکان ہے کہ اس دوران شہر بھر میں موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔
ایک شہری محمد سہیل کا ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سےگفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نبیﷺ سے ہمیں محبت ہے،ہماری دس سے بارہ لڑکوں کی ٹیم ہے ہم ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت سارے انتظامات کرتے ہیں اور نبی اکرم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
محمد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم سرکار ﷺ کا میلاد منانے کیلئے ہورے سال تیاریاں کرتے ہیں۔
ایک شہری محمدیامین عطاری کا کہنا تھا کہ سرکار ﷺ کی آمد کی خوشی میں ہم گھروں اور مساجد کو سجاتے ہیں۔
یہ تو ہمارے نبی کی ولادت کا دن ہے ہر مسلمان کو اس دن کو بھر پور طریقے سے منانا چاہیے۔