لاہور،میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں، آج ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام نکالے جانے کا عندیہ دے دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج کسی وقت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، پھر وہ علاج کے لیے جہاں جانا چاہیں گے، جا سکیں گے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا ہم نے نواز شریف کی صحت کو سیاست میں نہیں لانا، ان کی صحت پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔
دوسری طرف ن لیگ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان ن لیگ مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ حکومت کا طبی بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے باہر بھجوایا جائے، اسپتال سے ڈسچارج کے وقت ڈاکٹرز نے بیرون ملک علاج کی تجویز دی، گزشتہ رات فل بورڈ نے بیرون ملک علاج کی سفارش کی۔