کابل، افغانستان کا غیرملکی شہریوں کے بدلے 3 طالبان اور حقانی رہنماؤں کی رہائی کا اعلان
http://www.tnnasia.tv
افغانستان کی حکومت نے مغوی غیر ملکی شہریوں کے بدلے طالبان رہنماؤں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے 3 عسکریت پسند رہنماؤں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں انس حقانی، حاجی ملی خان اور حافظ راشد شامل ہیں۔ قیدیوں کے تبادلے کے ذریعے افغانستان اور طالبان کے درمیان ملک میں جنگ کے خاتمے کےلیے امن مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔
انس حقانی کا خطے کے خطرناک ترین ’حقانی گروپ‘ کے اعلیٰ ترین رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ حاجی ملی خان اور حافظ راشد کا تعلق طالبان سے ہے۔ ان کی رہائی کے عوض طالبان کی جانب سے دو غیر ملکی قیدیوں کو رہا کے کیا جائے گا جن میں سے ایک کا تعلق امریکا اور دوسرے کا آسٹریلیا سے ہے۔ انہیں 2007 میں افغانستان میں اغوا کرلیا گیا تھا۔
صدر اشرف غنی نے سرکاری ٹی وی پر براہ راست اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے اعلیٰ رہنماؤں کی رہائی سخت فیصلہ ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے دوبدو مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کےلیے دو غیر ملکیوں کے بدلے طالبان قیدی رہا کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا اور طالبان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ گزشتہ ماہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ ہونے والا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کابل میں ایک حملے کو جواز بناکر یہ معاہدہ منسوخ کردیا۔