Nov 15, 2019 10:40 am
views : 253
Location : Domestic Place
Lahore- Pakistan's acclaimed actor Hamza Ali Abbasi announced that he has decided to quit acting, vowing to spend his life to spread message of Islam.
لاہور، معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی
http://www.tnnasia.tv
معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی۔حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں مداحوں کو اس حوالے سے اشارہ بھی دیا تھا۔
حمزہ علی عباسی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایک دہائی سے زائد کا سفر اب اپنے اختتام کو پہنچا، میں اس ماہ کے اختتام پر ایک ضروری اعلان بھی کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سے لوگوں تک پہنچے گی۔اس ٹوئٹ کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے انتظار کیا جا رہا تھا کہ یہ اعلان کب کیا جائے گا۔اب اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا۔
حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے یہ اعلان اکتوبر کے آخر میں کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر کچھ مصروفیات کی بناء پر یہ اعلان کرنے میں تاخیر ہوگئی جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ میری زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہےجو کہ خدا کے بارے میں ہے۔
اداکار نے ویڈیو پیغام میں اس فیصلے کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی نو عمری میں ہی لادین (ملحد) ہوگیا تھا۔ لادین ہونے کے بعد میں نے تمام مذہب کو غیر جانبداری کے ساتھ دیکھا اور پرکھا تو مجھے اسلام ہی اصل مذہب لگا۔ان کا کہنا تھا یہ حقیقت 10 سے 12سال کے طویل درد ناک سفر کے بعد میرے سامنے واضح ہوئی۔
حمزہ نے طویل ویڈیو پیغام میں بتایا کہ جب میں نے موت کی حقیقت کو سمجھا تو مجھے زندگی کی تمام چیزیں موت کی طرح ختم ہوتے ہوئے نظر آتی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اور انسانیت کی خدمت میں گزاروں گا، اب میں ٹی وی اور سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم خدا کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے استعمال کروں گا۔
حمزہ نے کہا کہ مجھے اللہ نے جتنی شہرت اور عزت دی ہے اب میں اس کو صرف دین، اسلام اور اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کروں گا۔
واضح رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی نے 2006میں شوبز انڈسٹری کی دنیا میں قدم رکھا تھا جس کے بعد انہوں نے ’پیارے افضل‘ اور ’من مائل‘ جیسے ڈرامہ سیریل سے شہرت حاصل کی۔