جدہ،او آئی سی کو دنیا بھر میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے،فردوس عاشق اعوان
وزیر
اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے
کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی
کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا
ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے
اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر
ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی
تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔
معاون خصوصی
کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد
آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں
نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام
مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون
سازی کی جائے۔ ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا
ملنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں
ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیر انسانی پابندیوں کو
فی الفور ختم کیا جائے۔ بابری مسجد کے فیصلے نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے
نقاب کر دیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے ان کے سلوک کا پول کھل گیا ہے۔
معاون
خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان
چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین معاشی تعلقات فروغ پائیں اور سائنس و
ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے۔
خیال رہے کہ معاون
خصوصی فردوس عاشق اعوان (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں
شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔