Nov 28, 2019 06:12 pm
views : 290
Location : Domestic Place
Islamabad- Creating jobs for youth and accelerate economic process is the top priority, PM
اسلام آباد، نوجوانوں کیلیے نوکریاں اور معاشی عمل تیز کرنا اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں معاشی عمل کوتیزکرنے اورپبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ و نجی شعبے کی شراکت داری سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کے تعاون سے مختلف حکمت عملی اور رائج طریقہ کار سے ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے جہاں معاشی عمل تیز ہوتا ہے وہاں نوکریوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں تاہم حکومت کے محدود وسائل کی وجہ سے بعض اہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکتا۔
اس امرکو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے اور نجی شعبے کی شراکت داری میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے ،وزیرِ اعظم نے وزرا اورصوبائی چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ محکموں میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کریں۔ جہاں محض سہولت کاری، قوانین کو آسان بنا کریاکم مالی وسائل لگا کر ترقیاتی منصوبوں پرکام شروع کیا جا سکتا ہے۔
بعدازاں معاشی ٹیم کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل ترین معاشی صورتحال میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، حکومتی کوششوں کی وجہ سے آج ملک میں معاشی استحکام ہے اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مثبت رجحان سامنے آیا ہے۔ موجودہ معاشی استحکام اور اقتصادی اعشاریوں میں بہتری کے عمل کو آگے بڑھانا ہے اور کاروباری طبقے کے لئے موزوں فضا کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ معاشی ترقی کا عمل تیزکیا جا سکے۔
اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے قانونی طریقوں سے ملک میں ترسیلات زر بھیجنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مجوزہ مراعاتی پیکج وزیرِاعظم کو پیش کر دیاگیا۔ مراعاتی پیکیج میں ترسیلات زرکے فروغ کے حوالے سے بنکوں اور ایکسچینج کمپنیوںکو خصوصی مراعات دیے جانے کی تجویزدی گئی۔