Nov 29, 2019 06:13 pm
views : 255
Location : President Office
Islamabad- Barrister Farogh Naseem rejoins federal cabinet
اسلام آباد،فروغ نسیم 3 روز بعد وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہو گئے
بیرسٹر فروغ نسیم نے 3 دن بعد دوبارہ وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فروغ نسیم سے حلف لیا۔
فروغ نسیم 3 روز بعد وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہو گئے ہیں، انہوں نے سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کیس کی پیروی کرنے کے لیے وفاقی وزیرِ قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
گزشتہ روز سابق وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پاکستان بار کونسل کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ان کا وکالت کا لائسنس بحال کر دیا گیا تھا۔
ان کے استعفے سے پاکستان بار کونسل سندھ کی ایک نشست خالی ہو گئی تھی جس پر یاسین آزاد ایڈووکیٹ کا تقرر کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کیس کا فیصلہ آنے کے بعد گزشتہ روز بیرسٹر فروغ نسیم کو دوبارہ وفاقی وزیرِ قانون بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور اسی سلسلے میں انہوں نے آج حلف اٹھایا ہے۔
فروغ نسیم کے دوبارہ وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کی کابینہ میں ایک بار پھر 48 ارکان ہوگئے ہیں اور وفاقی وزراء کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔