نیو دہلی، کشمیر کی صورتحال پر تشویش، بھارت پابندیاں ختم، پاکستان کیساتھ مذاکرات کرے، سوئیڈن
http://www.tnnasia.tv
دنیا بھر کی طرح یورپی ملک سویڈن نے بھی مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور یورپی یونین بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کا مذاکرات کے ذریعہ سیاسی حل تلاش کرنے کی تائید کرتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمر میں 110 دن کے قریب سے جاری پابندیوں کو ختم کرنے اور کشمیریوں کے مصائب کا حل جلد سے جلد تلاش کرنے کی جرمنی سمیت یورپی یونین ممالک کی اپیل میں سویڈن بھی شامل ہو گیا ہے۔ سویڈن نے اپیل ایسے وقت پر کی ہے جب سویڈش بادشاہ اور ملکہ سلویا کیساتھ اعلی سطحی وفد یکم دسمبر سے بھارت کا 6 روزہ دورہ شروع کر رہا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈش وزیر خارجہ این کرسٹن لِنڈے نے ملکی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیکورٹی لاک ڈاؤن اور کمیونیکیشن بلیک آؤٹ پر ہمیں تشویش ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہو، مسئلہ کا کوئی دیرپا سیاسی حل تلاش کرنے میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے۔
کشمیر کے حوالے سے سویڈش وزیر خارجہ کے بیان پر بھارت کا اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوستو نے بھارت کے سرکاری دوروں کے دوران کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں کے حالات، پائیدار اور اچھے نہیں ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد سے ریاست میں سیکورٹی لاک ڈاؤن اور کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کو ختم کر کے انسانی حقوق کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔