اسلام آباد، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کیخلاف جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کا زبردست احتجاجی مظاہرہ
مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی محاصرے ،ریاستی دہشت گردی اور محمد یاسین ملک ودیگر آزادی پسند رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کے خلاف جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے کشمیر کی آزادی اور یاسین ملک اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر رہنماؤں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر مقررین نے محمد یاسین ملک اور دیگر نظر بندرہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد قابض بھارتی فورسز نے اب تک ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا جن میں کم عمر بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ محمد یاسین ملک کے خلاف تیس برس پرانے جھوٹے مقدمات کھول دیے گئے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہیں۔
مقررین نے کہا کہ بھارت نے محمد یاسین ملک اور نظر بندرہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی محاصرے ، پابندیوں اور ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک آزادی مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے جاری بھارتی محاصرے کے تقریبا چار مہینے مکمل ہونے پرمنعقد کئے جانے والے حتجاجی مظاہرے کا بنیادی مقصد جموں کشمیر پر جاری نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بھارتی حکومت کی ننگی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج بلند کرنا تھا۔
محمد رفیق ڈار نے کہا کہ اس مہم کے دوران محمد یاسین ملک اور دیگر اسیر رہنمائوں کے تئیں بھارتی مذموم عزائم سے آگاہی دلانے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموںاور چند اہم ملکوںکے سربراہوں کے نام خطوط بھی ارسال کئے جائینگے۔