اسلام آباد،ملک تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے، وزیر اعظم عمران
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے، سیاسی قیادت اوربیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ منظم جرائم، کرپشن، منی لانڈرنگ کا خاتمہ اوراحتساب حکومتی ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے حال ہی میں ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی شہزاد اکبر نے بھی شرکت کی جبکہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے بھی وزیراعظم سے الگ ملاقات کی۔
ڈائریکٹر جنرل (ایف آئی اے) واجد ضیاء نے وزیراعظم کو ملک کی بہترین خدمت کی یقین دہانی بھی کراتے ہوئے کہا کہ عزم کے ساتھ ملک کی بھرپور خدمت کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن،سائبرکرائمز،منی لانڈرنگ کیخلاف جنگ حکومت کااہم ایجنڈاہے۔ آپ اپنی ذمہ داریاں جہاداورقومی فریضہ سمجھ کرادا کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی کرائمز،امیگریشن سےمتعلقہ کرائم کیخلاف جنگ بھی اہم ایجنڈاہے۔ بلاامتیازاحتساب بھی پی ٹی آئی حکومت کااہم ایجنڈاہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیوروکریسی طرز حکومت اورعوام کی فلاح کےلیے بھرپورکردار ادا کرے۔ آپ اپنی ذمہ داریاں جہاداورقومی فریضہ سمجھ کرادا کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوبے پناہ وسائل اورافرادی قوت سے نوازا ہے، نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت کی ضرورت ہے، بیورو کریسی نے وژن کو عملی جامہ پہناناہے، ملک کی تعمیروترقی کے لیے سیاسی لیڈر شپ نے وژن دینا ہے۔