لندن،نواز شریف کے دماغ کی شریان کی سرجری یا اسٹنٹ ڈالا جائے گا،ڈاکٹر عدنان
سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دماغ کی شریان کی سرجری یا اسٹنٹ ڈالا جائے گا۔
لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج معالجے کا سلسلہ جاری ہے جہاں وہ گزشتہ 2 ہفتے سے موجود ہیں۔
نواز شریف کا گائز اسپتال میں دل اور گردے کے ماہرین نے معائنہ کیا۔
سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے بعد ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹ کاؤنٹ غیر مستحکم ہیں جنہیں ادویات کے ذریعے خاص لیول پر رکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ 28 نومبر کو نواز شریف کا لندن کے برج اسپتال میں (پی ای ٹی) اسکین ہوا تھا جس میں کئی گھنٹے لگے تھے۔
ڈاکٹر عدنان کے مطابق نواز شریف کا باقاعدہ فالو اپ جاری ہے جس میں خون کے ٹیسٹ بھی شامل ہیں، لاہور میں نوازشریف کو ہارٹ اٹیک ہوا تھا، کارڈیالوجی کی ایک ٹیم بھی نوازشریف کا معائنہ کر رہی ہے، انجیو گرام اور انجیو پلاسٹی پی سی آئی کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دماغ کو خون منتقل کرنے والی شریان کے علاج کے لیے بھی ویسکولر سرجن کی خدمات لی ہیں، ویسکولر سرجن دوبارہ نوازشریف کا معائنہ کریں گے جس میں دیکھا جائے گا کہ نواز شریف کے دماغ کی شریان کی سرجری کی جائے یا اسٹنٹ ڈالا جائے۔