اسلام آباد،ہائر ایجوکیشن کا مائیکروسافٹ پاکستان کے اشتراک سے امیجن کپ 2020 کا اعلان
ہائر ایجوکیشن نے مائیکروسافٹ پاکستان کے اشتراک سے امیجن کپ 2020 کا اعلان کر دیا ہے,امیجن کپ گلوبل ٹیکنالوجی کا سالانہ مقابلہ ہے جس کی میزبانی مائیکروسافٹ کارپوریشن کرتی ہے اوراس کا مقصد دنیا کے مشکل ترین چیلنجوں کے حل کیلئے نوجوان ٹیکنالوجسٹ کو مواقع فراہم کرنا ہے۔
گزشتہ دو سال میں وسطی ایشیاء اور افریقی ممالک میں پاکستان کا پراجیکٹ جمع کرانے والوں میں پہلا نمبر تھا اور پوری دنیا میں پاکستان کی پوزیشن تیسری تھی، امیجن کپ 2020ء میں بہت سے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں حیدر آباد، رحیم یار خان، مظفرآباد، نواب شاہ، راولاکوٹ، سکھر اورکوئٹہ شامل ہیں۔
ایچ ای سی کے زیر اہتمام مائیکرو سافٹ امیجن کپ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہئے۔
ہم پاکستان میں نئے ادارے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان کے تحت ایک بڑا پلیٹ فارم بنائیں گے، پاکستان میں سٹارٹ اپ پروگرام کے بغیر کوئی پراجیکٹ کامیاب نہیں ہو سکے گا، کامیاب جوان کا بنیادی مقصد ہی نوجوانوں کو سہولتیں دینا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان سرکاری ملازمتیں چاہتے ہیں، ہم اس سوچ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ہم یوتھ انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔