اسلام آباد،اگر سود کی ادائیگی ہٹا دیں تو مالی خسارہ ختم ہو چکا ہے،حفیظ شیخ
مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بتدریج کمی آرہی ہے اور اگر سود کی ادائیگی ہٹا دیں تو مالی خسارہ ختم ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ معاشی کارکردگی پر ملک میں ایک بحث چل رہی ہے اور اس پر حکومت اور اپوزیشن کا مختلف مؤقف ہے لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ آزاد عالمی اداروں کی پاکستانی معیشت سے متعلق کیا رائے ہے، آئی ایم ایف دنیا کا سب سے بڑا مالی ادارہ ہے جس کی ٹیم نے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے وعدوں پر مکمل عملدرآمد کیا۔
ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستانی کی اقتصادی کارکردگی کو سراہا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے اپنے پروگرام میں تین ارب ڈالر کا اضافہ کیا، آئی ایم ایف نے پانچ سو ارب ڈالرکی دوسری قسط جلدہی ریلیزکرنے کااعلان کیا ہے۔
حفیظ شیخ نے بتایا کہ موڈیز نے گزشتہ روز پاکستان کے بارے میں اپنی رپورٹ جاری کی جس میں پاکستان کی ریٹنگز کو منفی سے ہٹاکر مستحکم قرار دیا گیا اور رپورٹ نے پوری دنیا کو ہماری معاشی اقدامات سے آشکار کیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ 40 ہزارکی سطح عبور کرچکی ہے اور بلوم برگ نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی سب سے بہترین کارکردگی والی اسٹاک مارکیٹ قرار دیا ہے، ہمارے ٹیکس محصولات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ پانچ ماہ میں نان ٹیکس محصولات میں 100 فیصد اضافہ ہوا، حکومت نے اخراجات پر زبردست کنٹرول قائم رکھا ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔