Dec 05, 2019 12:00 pm
views : 311
Location : Pakistan/Turkey
Islamabad- Operation against illegal Pakistanis is underway in Turkey,56 more illegal immigrants have been expelled from Turkey,9 Pakistani deports from Saudi Arabia
اسلام آباد، ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ
http://www.tnnasia.tv
ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، مزید 56 غیر قانونی مقیم پاکستانی ترکی سے بے دخل کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے ہیں، ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی ترکش ائیر لائن سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ گئے، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق بے دخل پاکستانیوں سے ایف آئی اے امیگریشن نے پوچھ گچھ کی اور مزید تفتیش کے لیے انھیں پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔
ادھر سعودی عرب سے بھی غیر قانونی مقیم 9 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، ایف آئی اے نے تمام افراد کو گرفتار کر کے پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ 23 نومبر سے اب تک 162 پاکستانیوں کو ترکی سے بے دخل کیا جا چکا ہے، یہ تمام افراد پاکستان پہنچائے جا چکے ہیں، جو کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ 23 نومبر 2019 کو ترکی سے 42 پاکستانیوں کو، 29 نومبر کو 40 پاکستانیوں کو جب کہ 30 نومبر کو 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ترکی کابینہ کا کہنا تھا کہ 50 ہزار پاکستانیوں کو داخلی استحکام کے لیے خطرہ قرار دے کر ملک بدر کر دیا جائے۔