کراچی،پندرہواں کراچی بین الاقوامی کتب میلہ جاری
؎کراچی میں کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ملکی نوعیت کا پندرہواں کراچی بین الاقوامی کتب میلہ سج گیا۔
کتب میلے میں ادبی، سیاسی و سماجی سمیت مختلف موضوعات پر قومی و بین الاقوامی پبلشرز کی کتابوں کے 330 اسٹالز لگائے گئے۔ میلے میں شریک افراد کو کتابیں خصوصی رعایت پر فروخت کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کتب بینی کے فروغ کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے ،معاشرے میں کتابوں سے محبت کو واپس لانا ہو گا ،محکمہ ثقافت کے ذریعے صوبے بھر میں لائبریریوں کا نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بات انھوں نے ایکسپو سینٹر میں پندرہویں کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری ،پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے بھی خطاب کیا جبکہ کنوینر کے آئی بی ایف وقار متین نے تقریب کے شرکاکا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سند ھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مخیر حضرات کتابیں خرید کر لائبریری کو عطیہ کریں تو اس سے بھی کتب بینی کو فروغ حاصل ہو گا۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ دور جدید میں کتب میلہ یقینا لوگوں کو حیران کر رہا ہوگا مگر یہ بھی یاد رکھنا ہو گا کہ جن ممالک نے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا وہاں آج بھی کئی منزلہ کتب خانے موجود ہیں آج بھی ترقی یافتہ ممالکمیں لاکھوں کتابیں پڑھی جا رہی ہیں جس معاشرے میں سوچ پر قدغن لگ جائے وہاں کتابیں کم پڑھی جاتی ہیں ہمیں کتابوں کے لفظ کی حرمت کو سمجھنا ہو گا۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستا ن میں ایسا معاشرہ قائم ہو جائے جہاں نعرہ لگانے پر دہشت گردی کے مقدمات نہ بنیں۔