Dec 06, 2019 05:57 pm
views : 273
Location : Domestic place
Islamabad- Roti, kapra, makan and internet Ex-Google executive's vision for Digital Initiative
اسلام آباد،گوگل کی سینیئر ایگزیکٹو تانیہ ایدرس اہم عہدہ چھوڑ کر ملک واپس آگئیں
گوگل کی ایک سینیئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدرس پاکستان کی خدمت کرنے کے لیے امریکی کمپنی کا اہم عہدہ چھوڑ کر ملک واپس آگئیں۔
تانیہ اس وقت سنگاپور میں واقع گوگل کے علاقائی ہیڈ آفس میں اہم پوزیشن پر فائز تھیں لیکن وہ اپنی پرکشش نوکری چھوڑ کر پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل وژن پروگرام کی سربراہی کریں گی۔
تانیہ نے امریکا کی میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔
ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں تانیہ ایدرس نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا صرف ایک ایجنڈہ ہے اور وہ یہ ہے کہ میں پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتی ہوں۔
تانیہ کا کہنا تھا کہ جب یہ حکومت آئی تو مجھے محسوس ہوا کہ میں پاکستان جاکر کچھ کرسکتی ہوں کیونکہ مجھے اعتماد تھا کہ اس حکومت کو عام پاکستانی کے مستقبل کی پرواہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے انہیں پاکستان آنے پر رضامند کیا اور وزیراعظم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سے ملاقات کروائی جس سے مجھے واپس پاکستان آنے کا حوصلہ ملا۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر اپنے بیان میں تانیہ ایدرس نے کہا ہے کہ ’میں وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ جنہوں نے مجھے موقع دیا تاکہ میں اپنے ملک کو کچھ لوٹا سکوں ۔
تانیہ ایدرس کا کہنا ہے کہ سب کی حمایت سے ہم انشاءاللّٰہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کو حقیقت میں تبدیل کردیں گے۔