اسلام آباد،شہباز شریف کے دھیلے کی کرپشن کی داستان اربوں میں ہے، شہزاد اکبر
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ 10 سال میں شہباز شریف کے اثاثوں میں 70فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ان کے بیٹوں کے اثاثوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہاکہ آج ہم نیٹ ورک بے نقاب کرنے جا رہے ہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف خاندان نے اربوں کی کرپشن کی، ان کے بیٹوں حمزہ اور سلمان کے اثاثوں میں بھی ہوشربااضافہ ہوا ، اب سلمان شہباز کے اثاثوں کی ضبطگی شروع ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیب نے نومبر 2018 میں کچھ تحقیقات کا آغازکیا تھا، شہباز شریف کے دھیلے کی کرپشن کی داستان اربوں میں ہے، شریف خاندان نے اربوں کی کرپشن کی ہے ، جعلی ٹی ٹیزکےذریعے پیسہ باہربھیجا گیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ 2015ء میں بنائی گئی کمپنی نے 2سال میں 7 ارب کا کاروبار کر ڈالا،سیاسی مشیران کےنام پرکمپنی بنائی گئی،پیسوں کو مختلف اکاؤنٹس میں گھمایا جاتا، پھر کیشن نکلوایا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف شہبازشریف نے مقدمہ تو درکنار ایک بھی جواب نہیں دیا ، ان کا داماد اشتہاری ہے، ان لوگوں نے کمپنیوں بارے جعلی کاغذات پیش کیے، معصوم لوگوں کا نام استعمال کر کے ٹی ٹیز اکاؤنٹس میں ڈالی گئیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے کہ قانونی طریقے سےپیسے واپس آئے ہیں، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے شکر گزار ہیں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ہمارا پیسہ واپس کریں ہمیں کسی کو جیلوں میں رکھنے کا شوق نہیں ہے۔