مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے خلاف نون لیگ کی جانب سے ملک گیر احتجاج
مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے خلاف نون لیگ کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا، مختلف شہروں میں پریس کلب کے باہر مظاہرے کئے گئے۔
کراچی میں بھی پریس کلب کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے مظاہرہ کیا ،شرکا نے مطالباتی بینرز اٹھا رکھے ہیں جن میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمےداری،بجلی سستی کرو جیسے نعرے درج تھے،اس موقع پر مظاہرین کیجانب سے بھر پور نعرے بازی بھی کی گئی، شرکا کا کہنا تھا کہ وہ لیگی قائدین کی کال پر احتجاج کے لیے نکلے ہیں۔
مظاہرے میں لیگی رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر،طارق عزیز،سمیت مقامی رہنماؤں اورکارکنان نے شرکت کی۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے شاہجہاں بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،یہ بالکل نالائق حکومت ہے جو ناکام ہو گئی ہے۔
خواجہ طارق نذیر کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھر کا وعدہ کیا تھا انہوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے۔مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سلمان خان کا کہنا تھا عوام انتظار میں بیٹھے ہیں لوگوں کو بےگھر کردیا گیا ہے،سستی بجلی پر ٹیکس لگا کر بیچا جارہا ہے جو بالکل غلط ہے۔