اسلام آباد،زرداری باہر آرہے ہیں،اب کھلاڑی کا شکار کریں گے،بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صدر زرداری اب باہر آرہے ہیں، وہ شکاری ہیں اور اب وہ کھلاڑی کے شکار کے لیے نکلیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب ہمیں روکنا چاہتا ہے، دبانا چاہتا ہے مگر ہم جج صاحبان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے آج ضمانت منظور کی ہے۔
بلاول نے کہا کہ نیب اور حکومت سمجھتی ہے کہ ہم ایسے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں آئیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاست اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، یہ سال اس حکومت کا آخری سال ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کی ایک اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی اور میڈیکل رپورٹ پرآصف علی زرداری کو ضمانت ملی ہے۔