اسلام آباد، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
سکندر سلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشن مقرر ہوئے ہیں، صدر مملکت کی توثیق کے بعد ان کی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، 24 جنوری کو سکندر سلطان راجہ کو پانچ سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے حلف اٹھانے کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ان کی ذمہ داری ہے، جب بھی الیکشن ہوں گے شفافیت اوّلین ترجیح ہوگی۔
سکندر سلطان راجہ نے ایک استفسار پر کہا کہ انتخابات کا انعقاد کب ہوگا اس کا ان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے؟ انھوں نے جواب دیا کہ جی ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے، شفاف الیکشن میری ترجیحات میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ 24 جنوری کو جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق سکندر سلطان راجہ 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن نے طویل ڈیڈ لاک کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔