اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان کی آئی جی سندھ سے ملاقات
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے طلب کرنے پر آئی جی سندھ کلیم امام اسلام آباد پہنچے جہاں اُن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس دوران آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اہم امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھاکہ میں نے اپنا کام نیک نیتی سے کیا اور میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔
کلیم امام نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومت پاکستان کا ملازم ہوں، پاکستان کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں، اس لیے حکومت مجھے جہاں تعینات کرے، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
علاوہ ازیں وزیر بلدیات سعید غنی نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کلیم امام کو ہٹانے کی وجوہات کا وزیراعظم کو بتایا، صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے آئی جی کے پانچ ناموں میں سے ایک نام پر وزیر اعلی سندھ اور وزیر اعظم میں اتفاق ہوگیا تھا مگر کابینہ کے اجلاس کے بعد فیصلہ تبدیل ہوا، پنجاب، خیبرپختونخوا میں آئی جی 30 منٹ میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ نئے آئی جی کیلئے گورنر سے ملیں گے نہ ہی کوئی اور نام دیں گے، وفاق کو بھیجے گئے ناموں سے انتخاب کرنا ہوگا۔
ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے غیر قانونی قرار دینے پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے پر اختلاف ہے مگر عدالت کا فیصلہ ماننا لازم ہے۔