Feb 03, 2020 09:38 pm
views : 230
Location : Different Places
Islamabad- CAA reopens Pak-China flight operation
اسلام آباد، پاکستان اور چین کے درمیان فضائی آپریشن بحال
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی ڈویژن کے مطابق حکومت نے چین کے لیے معطل کی گئی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع ہوگیا ہے۔
چین کے شہر ارمچی سے 60 سے زائد مسافروں کو لے کر ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ چین سےآنےوالےمسافروں کی ایئرپورٹ پر سخت اسکریننگ کی گئی۔
علاوہ ازیں چین سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلبا کی وطن واپسی بھی شروع ہوگئی ہے۔ سب سے پہلے 40 پاکستانی طلبا قطر ایئرلائن کےذریعے براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جس کے بعد ایک اور پرواز سے مزید 82 پاکستانی طلبہ وطن واپس آئے۔
چین سے تین پروازوں کے ذریعے 122 طلبہ سمیت 183 مسافر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وزارت صحت کے عملے نے تمام طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دیدی۔
چین سے آنے والے مسافروں کی امیگریشن کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر تین خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں جہاں ایف آئی اے کا عملہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے دو فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ چین میں کرونا وائرس سے اب تک 361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔